سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحدی علاقے گلستان سیکٹر میں افغان طالبان کی جارحیت کی کوشش ناکام بناتے ہوئے متعدد افغان طالبان ہلاک کردیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغانستان کی جانب سے سرحدی علاقے گلستان سیکٹر پرجارحیت کی کوشش کو سیکیورٹی فورسز کی بروقت جوابی کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دی گئی ہے۔ سیکیورٹی فورسز کے مطابق پاکستانی حدود میں داخل ہونے اور جارحیت کی کوشش پر مؤثر جوابی کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں متعدد افغان طالبان ہلاک ہوئے جب کہ سیکیورٹی فورسز اور افغان طالبان کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے تاحال جاری ہے۔ سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ سرحدی علاقے میں سیکیورٹی فورسز مکمل طور پر چوکس ہیں اور افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کی حدود میں ہونے والی ہر دراندازی کا بروقت اور مؤثر جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتی ہیں۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب پاک افغان سرحد پر حالیہ دنوں میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے، 23 ستمبر کو سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغانستان کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے والے 8 ڈرونز مار گرائے گئے تھے۔ ان میں سے 4 ڈرونز طورخم بارڈر سے ملحقہ علاقوں جب کہ 4 کوہاٹ سے متصل سرحدی پہاڑی علاقوں میں تباہ کیے گئے۔ اسی روز کرم سیکٹر سے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی پاکستان میں دراندازی کی کوشش بھی ناکام بنائی گئی تھی۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان صوبوں ننگرہار اور پکتیا میں موجود افغان پوسٹوں سے دراندازی کی کوشش کی گئی، جسے پاکستانی فورسز نے ناکام بنا دیا تھا۔ اس کے بعد افغان طالبان کی جانب سے پاکستانی سرحدی چوکیوں پر فائرنگ کی گئی، جس کے جواب میں سیکیورٹی فورسز نے افغان طالبان کی متعدد سرحدی پوسٹوں اور مارٹر پوزیشنز کو نشانہ بنایا تھا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق موجودہ صورت حال میں سرحدی علاقوں میں فورسز کو مکمل طور پر الرٹ رکھا گیا ہے اور کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔



