گھر کا سودا سمیٹتے وقت یہ سوال اکثر ذہن میں آتا ہے کہ بازار سے لائے گئے پھل اور سبزیاں کیا فوراً دھو کر فریج میں رکھنی چاہئیں یا انہیں بغیر دھوئے محفوظ کرنا بہتر ہے۔ بہت سے لوگ گھر پہنچتے ہی تمام سبزیاں اور پھل دھو کر فریج میں رکھ دیتے ہیں تاکہ بعد میں آسانی رہے، لیکن ماہرین غذائیت کے مطابق ایسا کرنا ہمیشہ درست نہیں ہوتا۔ عام طور پر اگر پھل یا سبزیاں فوراً استعمال نہیں کرنی تو انہیں بغیر دھوئے مناسب طریقے سے محفوظ کرنا بہتر ہے۔ انہیں استعمال کرنے سے کچھ دیر پہلے بہتے ہوئے صاف پانی سے اچھی طرح دھویا جاسکتا ہے۔ اس طرح غیر ضروری نمی کی وجہ سے سبزیوں کے جلد خراب ہونے کا امکان کم ہوجاتا ہے۔ سبزیوں اور پھلوں کو محفوظ رکھنے کے چند آسان اصولوں کو سمجھ کر آپ انہیں جلدی خراب ہونے سے بچا سکتے ہیں۔ گھر آتے ہی ہر چیز دھونا ضروری نہیں بازار سے لاتے ہی ہر چیز کو دھونے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ سب سے پہلے انہیں دیکھ لیں اور خراب یا کٹی ہوئی چیزیں الگ کر دیں۔ اگر آپ کا ارادہ ان سبزیوں کو فورا استعمال کرنے کا نہیں ہے، تو انہیں بغیر دھوئے خشک حالت میں ہی فریج میں رکھنا زیادہ بہتر ہے۔ گیلے پن کی وجہ سے پھل اور سبزیوں میں نمی برقرار رہتی ہے جو انہیں تیزی سے گلنے اور سڑنے کا سبب بن سکتی ہے۔ لہذا، جتنی سبزیوں کی ضرورت ہو صرف اتنی ہی دھوئیں اور باقی کو ایسے ہی رہنے دیں۔ کھانے سے پہلے اچھی طرح دھونا ضروری ہے البتہ، جب بھی آپ کو کھانا پکانا ہو یا پھل کھانے ہوں، تو انہیں استعمال کرنے سے پہلے اچھی طرح ضرور دھو لیں۔ مٹی اور جراثیم کو صاف کرنے کے لیے انہیں بہتے ہوئے پانی کے نیچے ہلکے ہاتھوں سے رگڑیں۔ اس سے مٹی اور سطح پر لگی دوسری گندگی دور کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ پہلے ہی دھو لیا ہے تو اچھی طرح خشک کریں سیب، کھیرے، ٹماٹر اور وہ سبزیاں یا پھل جو چھلکوں سمیت کھائے جاتے ہیں، ان کی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ اگر آپ سے کوئی سبزی پہلے ہی دھل گئی ہے، تو اسے کبھی بھی گیلی حالت میں فریج میں نہ رکھیں۔ کسی صاف کپڑے یا ٹشو پیپر کی مدد سے اسے اچھی طرح خشک کرنے کے بعد ہی فریج کا رخ کریں۔ کٹی ہوئی سبزیوں کو کھلا نہ چھوڑیں کٹی ہوئی سبزیوں اور پھلوں کے لیے بھی خاص احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہیں کھلا چھوڑنے کے بجائے ہمیشہ کسی صاف اور ڈھکن والے برتن میں بند کر کے فریج میں رکھیں۔ خراب پھل اور سبزیاں فوراً الگ کریں اس کے علاوہ، فریج میں رکھنے سے پہلے تمام چیزوں کا بغور معائنہ کر لیں کہ کوئی سبزی یا پھل خراب تو نہیں ہو رہا۔ اگر کوئی چیز گلی ہوئی یا خراب ہو تو اسے فوراً دوسروں سے الگ کر دیں کیونکہ ایک خراب سبزی ساتھ رکھی ہوئی باقی چیزوں کو بھی جلدی خراب کر دیتی ہے۔ ہر پھل اور سبزی فریج میں رکھنا ضروری نہیں یہ بات بھی ذہن میں رکھنی چاہیے کہ ہر سبزی یا پھل کے لیے فریج کی ٹھنڈک ضروری نہیں ہوتی۔ کیلے، آلو، شکرقندی اور سوکھا پیاز ایسی اشیاء ہیں جو عام درجہ حرارت پر خشک اور ٹھنڈی جگہ پر زیادہ عرصے تک بالکل ٹھیک رہتی ہیں۔ صابن سے پھل اور سبزیاں نہ دھوئیں پھلوں اور سبزیوں کو دھوتے وقت اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ صابن یا کسی قسم کے کیمیکل کا ہرگز استعمال نہ کیا جائے کیونکہ صرف صاف اور تازہ پانی ہی صحت کے لیے سب سے بہتر ہوتا ہے۔ مختصراً، بازار سے گھر آتے ہی ہر پھل اور سبزی کو دھو کر فریج میں رکھنا ضروری نہیں۔ اگر انہیں فوراً استعمال نہیں کرنا تو مناسب چیزوں کو بغیر دھوئے محفوظ کیا جاسکتا ہے۔ البتہ جو پھل یا سبزی پہلے دھو لی جائے، اسے فریج میں رکھنے سے پہلے اچھی طرح خشک کرنا چاہیے۔ استعمال سے پہلے تازہ پانی سے دھونا بھی ضروری ہے۔ اس معمولی سی احتیاط سے پھلوں اور سبزیوں کو جلد خراب ہونے سے بچانے اور انہیں زیادہ دیر تک تازہ رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔



