کوہاٹ پرانا پولیس لائنز خودکش دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کوہاٹ پولیس نے کہا ہے کہ مقدمہ ایس ایچ او تھانہ سٹی کوہاٹ کی مدعیت میں نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کیا گیا ہے، جس میں دہشت گردی، قتل، اقدام قتل سمیت متعدد دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق دہشت گردوں نے مسجد پولیس لائنز پر بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے خودکش حملہ کیا، دھماکے کے بعد دہشت گردوں نے فائرنگ بھی کی۔ مقدمے کے متن میں بتایا گیا ہے کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار اور شہری شہید و زخمی ہوئے، جبکہ حملے کے دوران مسجد پولیس لائنز کو دھماکے کے ذریعے تباہ کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق دہشت گردوں نے مسجد کے راستے کو داخلی راستے کے طور پر استعمال کیا اور پولیس لائنز کے اندر داخل ہوکر اندھا دھند فائرنگ کی۔ پولیس نفری نے دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ مقدمے کے متن کے مطابق پاک فوج، پولیس اور سی ٹی ڈی کے افسران آپریشن کی قیادت کے لیے موقع پر پہنچے، جبکہ دہشت گردوں کے خودکش حملے، فائرنگ اور دستی بم حملوں کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا۔ پولیس کے مطابق حملے میں 21 افراد شہید جبکہ بڑی تعداد میں لوگ زخمی ہوئے، اس کے علاوہ سرکاری اور نجی املاک کو بھی نقصان پہنچا۔ خیال رہے کہ 19 ستمبر کو کوہاٹ میں پولیس لائنز میں جمعہ کی نماز کے دوران مسجد کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں 17 پولیس اہلکاروں اور 6 شہریوں سمیت 23 افراد جاں بحق جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ پولیس نے بتایا تھا کہ حملہ مسجد کے قریب خودکش دھماکے سے شروع ہوا تھا، جس کے بعد بعض حملہ آور اسپیشل برانچ کی عمارت میں داخل ہوگئے تھے۔



