وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ریلیف اسکیم کے تحت ملک بھر میں عوام کو 100 روپے فی لیٹر رعایتی نرخ پر پیٹرول کی فراہمی کامیابی سے جاری ہے، جبکہ موجودہ ریلیف اسکیم کی روشنی میں وزیراعظم نے ایک اور اہم فیصلہ کرلیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی پرائم منسٹر فیول ریلیف اسکیم میں عوام کو مزید سہولت فراہم کرنے کی خصوصی ہدایت جاری کردی گئی ہیں۔ وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے تحت 20 سال پرانی موٹر سائیکلوں، رکشوں اور چنگ چی کو فی الفور شامل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس منصوبے کے تحت ہر ہفتے ایک ٹوکن جاری کیا جائے گا، جبکہ ایک ماہ کے دوران مجموعی طور پر 4 ٹوکن جاری کیے جائیں گے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی خصوصی ریلیف اسکیم کا مقصد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کو کم کرنا اور عام شہریوں، خصوصاً موٹرسائیکل اور رکشہ استعمال کرنے والوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ ملک بھر میں 100 روپے فی لیٹر رعایتی نرخ پر پیٹرول کی فراہمی کا عمل بھی جاری ہے، جبکہ نئی سہولت سے موٹرسائیکل، چنگ چی اور رکشہ استعمال کرنے والے افراد کو ہفتہ وار بنیاد پر مزید مالی ریلیف مل سکے گا۔ واضح رہے کہ 13 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف کے اعلان کردہ خصوصی پیٹرول ریلیف اسکیم کے تحت ملک بھر میں پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی کا آغاز ہوا، خصوصی پیٹرول ریلیف اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور چنگچی کے لیے ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول جب کہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر سبسڈی دی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں اسلام آباد کے شہریوں کو یہ سہولت فراہم کی گئی تھی جب کہ اب ملک بھر، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی اسکیم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ شہری اب اپنے موبائل فون سے ایک سادہ ایس ایم ایس کے ذریعے اس سکیم میں رجسٹریشن کروا کر شفاف اور خودکار طریقے سے سستا پیٹرول حاصل کر سکتے ہیں۔ عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے یہ جدید نظام وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کام، نادرا، صوبائی محکموں اور ٹیلی کام آپریٹرز کے باہمی اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔



