وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے انگلینڈ میں اپنی بیٹی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے سرکاری طیارے کے استعمال پر اٹھنے والے تمام اخراجات کی ادائیگی کردی ہے۔ مریم نواز رواں ماہ کے آغاز میں اپنی بیٹی ماہ نور صفدر کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے لندن گئی تھیں اور انہوں نے اس سفر کے لیے پنجاب حکومت کا گلف اسٹریم جی 500 طیارہ استعمال کیا تھا، جسے انہوں نے اپنا نجی دورہ قرار دیا تھا۔ اخراجات کی رقم کی رسید یہ وہی لگژری طیارہ ہے جس کی خریداری پر پنجاب حکومت کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔ مریم نواز کے نجی دورۂ لندن پر اپوزیشن رہنماؤں اور ناقدین کی جانب سے سخت تنقید کی گئی تھی اور موقف اختیار کیا گیا تھا کہ نجی سفر کے لیے سرکاری طیارے کا استعمال غریب عوام کے پیسوں کا ضیاع ہے۔ اس تنقید کے بعد پنجاب حکومت کی چیف ڈیجیٹل میڈیا اسٹریٹجسٹ عظمیٰ بخاری نے وضاحت دیتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اپنے دورہ لندن پر آنے والے جہاز کے تمام اخراجات اپنے پاس سے ادا کریں گی۔ بعد ازاں، سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے جیٹ اسٹریم انٹرنیشنل اور پاکستان اسٹیٹ آئل کی جانب سے موصول ہونے والے بلوں کے بعد وزیراعلیٰ کو 5 سے 9 ستمبر تک کیے گئے اس دورے کے واجبات کی ادائیگی کے لیے باضابطہ مراسلہ جاری کیا۔ اس مراسلے کے بعد 17 ستمبر کو عمر عباس نامی شہری کے ذریعے بینک آف پنجاب کے چیک سے 2 کروڑ 71 لاکھ 94 ہزار 4 روپے کی رقم نیشنل بینک آف پاکستان کی ویلنشیا برانچ لاہور میں حکومت پنجاب کے خزانے کے اکاؤنٹ میں جمع کروائی گئی اور اس طرح تمام مطلوبہ رقم کی مکمل ادائیگی کر دی گئی۔



