80.5 F
Pakistan
Wednesday, September 16, 2026
HomeBusinessملک بھر میں پیٹرول ریلیف اسکیم کا آغاز کب سے ہوگا؟ حکومت...

ملک بھر میں پیٹرول ریلیف اسکیم کا آغاز کب سے ہوگا؟ حکومت نے تاریخ بتادی

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اعلان کردہ خصوصی پیٹرول ریلیف اسکیم کا ملک بھر میں آغاز 16 ستمبر سے ہوگا، جس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور رجسٹریشن بھی شروع کردی گئی ہے جب کہ اسلام آباد میں اسکیم پہلے ہی فعال ہے۔ منگل کو نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت وزیراعظم کی خصوصی پیٹرول ریلیف اسکیم پر انتظامی پیش رفت اور ملک گیر لانچنگ کی تیاریوں کے حوالے سے نیشنل اسٹیئرنگ کمیٹی برائے فیول سبسڈی کا 9 واں اجلاس ہوا، جس میں اسکیم پر مؤثر عملدرآمد اور مستحق افراد تک ریلیف پہنچانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ خصوصی پیٹرول ریلیف اسکیم اسلام آباد میں پہلے ہی فعال ہے جب کہ ملک بھر میں اسکیم کا نفاذ 16 ستمبر 2026 کی رات 11 بج کر 59 منٹ سے کردیا جائے گا۔ اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ فیول ٹوکن کے ذریعے رعایتی پیٹرول کے حصول کا عمل بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب شروع ہوگا۔ اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا عمل آسان اور ہر شخص کی دسترس میں رکھا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔ ملک بھر میں اسکیم کے لیے رجسٹریشن شروع کردی گئی ہے اور اہل افراد 9771 پر ایس ایم ایس کے ذریعے اپنی رجسٹریشن کرا سکیں گے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی خصوصی پیٹرول ریلیف اسکیم موٹر سائیکلوں، تین پہیوں والی گاڑیوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے دستیاب ہوگی۔ لوڈرز اور پک اَپس کو بھی اسکیم میں شامل کیا گیا ہے جب کہ وفاقی حکومت فیول ریلیف اسکیم کی مکمل لاگت برداشت کرے گی۔ نائب وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو عوام تک اسکیم کی معلومات مؤثر انداز میں پہنچانے اور پیٹرول پمپس پر اس کے ہموار نفاذ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں اسحاق ڈار نے منتخب نمائندوں پر زور دیا کہ وہ اپنے حلقوں میں فیول ریلیف اسکیم سے متعلق معلومات عوام تک پہنچائیں اور شہریوں کو رجسٹریشن کے عمل میں سہولت فراہم کریں۔ انہوں نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے رضاکاروں کو بھی عوامی آگاہی اور رجسٹریشن کے لیے بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔ اسحاق ڈار نے پیٹرول پمپس کو ادائیگیاں اسٹیٹ بینک کے ذریعے 24 گھنٹے کے اندر یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ اسکیم پر عملدرآمد میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ نائب وزیراعظم نے صوبوں کو ضلعی سطح پر عوامی آگاہی مہم مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو رجسٹریشن، اہلیت اور رعایتی پیٹرول کے حصول کے طریقہ کار سے مکمل طور پر آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو مستحق افراد تک ریلیف کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے اور اسکیم کی ملک گیر فراہمی کو مؤثر بنانے کے لیے ضلعی سطح پر آگاہی کے انتظامات مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں وزیر اطلاعات و نشریات، وزیر آئی ٹی، وزیر پارلیمانی امور، وزیر مملکت برائے خزانہ، وزیر اقتصادی امور، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹری آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ سیکریٹری پٹرولیم، سیکریٹری آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن، چیئرمین اوگرا، چیئرمین پی ٹی اے، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے چیف سیکریٹریز، پنجاب اور آزاد کشمیر کے ایڈیشنل چیف سیکریٹریز بھی اجلاس میں شریک ہوئے جب کہ گلگت بلتستان، اسلام آباد اور دیگر متعلقہ وفاقی و صوبائی محکموں کے سینئر حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ جماعت اسلامی نے پیٹرول ریلیف پیکیج کو مسترد کردیا دوسری جانب جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے وزیراعظم شہباز شریف کے پیٹرول ریلیف پیکیج کو مسترد کردیا ہے۔ حکومتی ٹیم سے مذاکرات کے بعد نائب امیرجماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان آئی پی پیز اور پیٹرولیم لیوی پرتکنیکی مذاکرات ہوئے، حکومت نے بریفنگ دی، وزیراعظم کا پیٹرول ریلیف پیٹرولیم لیوی کا متبادل نہیں ہوسکتا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ لیوی ختم ہونے سے عوام کو فی لٹر 103 روپے تک ریلیف مل سکتا ہے، دھوکا دے کر احتجاج سے جان نہیں چھڑائی جاسکتی، مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو جماعت اسلامی کا مارچ اسلام آباد کی طرف بڑھے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی پی پیز کے معاملات میں حکومتی اقدامات سے اربوں روپے کی بچت ہوئی لیکن عوام کو فائدہ نہیں پہنچا، حکومت شرح سود کم کرے، ماحولیات کے نام پر 60 ارب روپے حاصل کیے گئے جب کہ رات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ بھی کی جارہی ہے۔ خیال رہے کہ مہنگائی اور پیٹرولیم لیوی کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں جماعت اسلامی کے دھرنے جاری ہیں جب کہ جماعت اسلامی کی جانب سے 20 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

Read full story on Aaj

RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

- Advertisment -
Google search engine

Most Popular

Recent Comments