ٹیکنالوجی کی دنیا کی مشہور کمپنی ایپل نے آخرکار اپنا پہلا فولڈ ایبل اسمارٹ فون آئی فون ڈیو متعارف کرا دیا ہے. اس نئے فون کے آنے کے بعد موبائل مارکیٹ میں ہلچل مچ گئی ہے کیونکہ ایپل نے پہلی بار فولڈ ایبل تیار کیا ہے. لیکن اس کے دیر سے فولڈ ایبل فون کی مارکیٹ میں آنے پر حریف کمپنی سام سنگ نے طنز کے تیر برسانا شروع کردیے۔ سام سنگ نے سوشل میڈیا پر کئی پوسٹس کے ذریعے ایپل کے نئے فولڈ ایبل فون ’آئی فون ڈو‘ کا مذاق اڑایا۔ سام سنگ کے سوشل میڈیا ٹیم نے اس موقع پر کئی مزے دار تبصرے کیے کیونکہ سام سنگ پچھلے سات سالوں سے اپنے گلوبل فولڈ فون مارکیٹ میں لارہا ہے۔ سام سنگ نے اپنے ایک بیان میں ایپل پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ، ”ہمیں بتانا جب آپ ہماری پرانی چیزوں کو دوبارہ استعمال کرنا ختم کر دیں۔“ ایک دوسری پوسٹ میں کمپنی نے نئے فون کے ڈیزائن پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا، ”یہ بہت جانا پہچانا لگ رہا ہے۔ کیا یہ ’سمز‘ کا نیا سیکوئل ہے؟“ سام سنگ نے ایک اور پوسٹ میں اپنے فولڈ ایبل فونز کی طرف اشارہ کرتے ہوئے لکھا، ”ہم تین طرح سے فولڈ ہونے کے لیے یہاں موجود ہوں گے۔“ اس کے علاوہ ایک پوسٹ میں کمپنی نے کہا، ”اب تک تو سب کچھ ویسا ہی ہے۔“ سام سنگ نے ایپل کے فولڈ ایبل فون پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ اس میں ایسا کچھ نیا یا منفرد نظر نہیں آیا جو پہلے نہ دیکھا گیا ہو۔ کمپنی نے سوالیہ انداز میں کہا، ’’کیا اس میں کوئی نئی بات تھی؟ نہیں۔ کیا یہ دلچسپ تھا؟ نہیں۔ کیا یہ آخرکار سامنے آ گیا؟ ہاں۔‘‘ سام سنگ نے ایک اور طنزیہ پوسٹ میں کہا کہ ایپل نے صرف اس کے فولڈ ایبل فون کے انداز کی ہی نقل نہیں کی بلکہ زبان سیکھنے والی ایپ ڈوولنگو کے انداز کی بھی نقل کر لی، جس پر کمپنی نے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ہمیں ڈوولنگو کے لیے افسوس ہے، ایپل نے ان کی بھی نقل کر لی۔‘‘ واضح رہے کہ فولڈ ایبل فونز میں سام سنگ کو ایپل پر واضح برتری حاصل رہی ہے۔ کمپنی نے اپنا پہلا گلیکسی فولڈ 2019 میں متعارف کرایا تھا۔ اس کے بعد سام سنگ کے ساتھ گوگل اور موٹرولا سمیت دیگر کمپنیوں نے بھی فولڈ ایبل فونز کی کئی ماڈلز متعارف کرائے۔ دوسری جانب ایپل کا کہنا ہے کہ اس کا نیا فولڈ ایبل آئی فون بہتر صارف تجربہ فراہم کرے گا۔ رپورٹ کے مطابق آئی فون ڈو کی قیمت 1, 999 ڈالر سے شروع ہوتی ہے اور فون کھولنے پر 7. 6 انچ کی اسکرین سامنے آتی ہے۔ اسے افقی یا عمودی انداز میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ فون بند ہونے کی حالت میں سامنے ایک چھوٹی اسکرین موجود ہے، جبکہ ایپل کے مطابق کھولنے پر یہ کمپنی کا اب تک کا سب سے پتلا آئی فون ہے۔ تاہم رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فولڈ ہونے کی حالت میں یہ کچھ چینی کمپنیوں کے فولڈ ایبل فونز کے مقابلے میں زیادہ چوڑا ہے۔
پرانا ڈیزائن، نئی قیمت: ایپل کے پہلے فولڈ ایبل فون پر سام سنگ کا کرارا طنز
RELATED ARTICLES



