سابق امریکی صدر جو بائیڈن کے بیٹے ہنٹر بائیڈن اپنے متنازع لیپ ٹاپ سے متاثر ہوکر ایک میم کوائن کرپٹو مارکیٹ میں لانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے رپورٹ کیا ہے کہ ہنٹر بائیڈن اپنی ذاتی کرپٹو کرنسی لانچ کرنے والے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ہنٹر بائیڈن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ’$LAPTOP‘ کے نام سے ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں 9 ستمبر کی تاریخ بھی درج تھی۔ پوسٹ کے ساتھ ایک ویڈیو بھی شامل تھی جس میں امریکی میڈیا اور ٹرمپ انتظامیہ کے عہدیداروں کی جانب سے ہنٹر بائیڈن کے لیپ ٹاپ کا حوالہ دینے والے بیانات دکھائے گئے تھے۔ ہنٹر بائیڈن نے اپریل 2019 میں ریاست ڈیلاویئر کی ایک کمپیوٹر مرمت کی دکان پر اپنا لیپ ٹاپ جمع کرایا تھا، جسے پانچ ماہ بعد ایف بی آئی نے قبضے میں لے لیا تھا۔ لیپ ٹاپ میں ای میلز، دستاویزات اور مالی ریکارڈز سمیت دیگر مواد موجود تھا۔ یہ لیپ ٹاپ 2020 کے امریکی صدارتی انتخابات سے قبل خاص طور پر سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی میڈیا میں موضوع بحث بن گیا تھا۔ ہنٹر بائیڈن کے وکلا کا مؤقف رہا ہے کہ لیپ ٹاپ سے حاصل کی گئی فائلوں میں ردوبدل کیا گیا تھا۔ ہنٹر بائیڈن حالیہ عرصے میں سوشل میڈیا، پوڈ کاسٹ اور اپنے نیوز لیٹر کے ذریعے لیپ ٹاپ سمیت اپنی زندگی سے متعلق مختلف معاملات پر کھل کر اظہار خیال کرتے رہے ہیں۔ جون میں ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا تھا کہ لیپ ٹاپ سے ملنے والے مواد میں ایک ایسے شخص کی زندگی کے شواہد موجود تھے جو ایک عرصے تک شدید نشے اور شراب نوشی کا شکار رہا، تاہم ان کے بقول تفتیش کاروں کو منشیات کے استعمال سے متعلق معاملات کے علاوہ بدعنوانی یا کسی دوسرے جرم کے شواہد نہیں ملے۔ ہنٹر بائیڈن کرپٹو کرنسی کے حامی بھی رہے ہیں۔ انہوں نے اس سے قبل کہا تھا کہ امریکی کانگریس کو کرپٹو کرنسی کی قدر اور اس کے ممکنہ استعمال کو سمجھنے کی ضرورت ہے، جبکہ وہ غیر مرکزی ڈیجیٹل کرنسی کو مستقبل کی ناگزیر سمت قرار دے چکے ہیں۔ ہنٹر بائیڈن اپنی کرپٹو کرنسی لانچ کرنے والے پہلے معروف امریکی سیاسی خاندان سے تعلق رکھنے والے فرد نہیں ہوں گے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ بھی جنوری 2025 میں ٹرمپ کی دوبارہ صدارت سنبھالنے سے قبل اپنے اپنے میم کوائنز متعارف کرا چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ٹرمپ سے منسلک میم کوائنز سے تقریباً ایک ارب ڈالر کا منافع حاصل ہوا، تاہم زیادہ تر سرمایہ کاروں کو نقصان اٹھانا پڑا۔ میم کوائنز عام طور پر کسی شخصیت، واقعے، رجحان یا انٹرنیٹ پر مقبول موضوع سے متاثر ہوکر بنائے جاتے ہیں۔ ان میں سرمایہ کاری کرنے والے افراد اکثر قیمت میں ممکنہ اضافے یا مقبولیت کی بنیاد پر خرید و فروخت کرتے ہیں، جس کے باعث ان میں خطرہ بھی زیادہ ہوتا ہے۔ وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ہنٹر بائیڈن کی کرپٹو کرنسی بیس نیٹ ورک پر ٹریڈ کرے گی، جسے کرپٹو کمپنی کوائن بیس گلوبل نے تیار کیا ہے۔ تاہم کوائن بیس نے اس معاملے پر فوری طور پر تبصرے کے لیے درخواست کا جواب نہیں دیا۔
سابق امریکی صدر کے بیٹے کا متنازع ‘میم کوائن’ کرپٹو مارکیٹ میں لانے کا منصوبہ
RELATED ARTICLES



