گرمی کے موسم میں ایئر کنڈیشنر کا ریموٹ اچانک کام کرنا چھوڑ دے تو سب سے پہلے ذہن میں یہی خیال آتا ہے کہ شاید ریموٹ کے سیل خراب ہوگئے ہیں۔ اکثر لوگ فوراً نئے سیل خرید لیتے ہیں۔ کئی بار ایسا ہوتا ہے کہ نئے سیل ڈالنے کے باوجود بھی ریموٹ کام نہیں کرتا کیونکہ ہر بار مسئلہ سیل کا نہیں ہوتا، ریموٹ میں معمولی تکنیکی خرابی یا باقی رہ جانے والا برقی چارج بھی اس کے کام میں رکاوٹ بن سکتا ہے۔ ایسی صورت میں نئے سیل لگانے سے پہلے چند انتہائی آسان طریقے آزمائے جاسکتے ہیں، جس میں چند سیکنڈ ہی لگتے ہیں اور ریموٹ دوبارہ بالکل ٹھیک کام کرنے لگتا ہے۔ سب سے پہلے ریموٹ سے دونوں سیل نکال لیں۔ اس کے بعد ریموٹ کا پاور بٹن تقریباً 5 سے 10 سیکنڈ تک مسلسل دبائے رکھیں۔ پھر چند سیکنڈ انتظار کریں۔ اس کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ ریموٹ کے اندر موجود بقایا برقی چارج اور عارضی خرابیاں ختم ہو جاتی ہیں اور سیل دوبارہ اسی سمت میں لگائیں جس طرح ریموٹ کے اندر + اور – کے نشان دیے گئے ہیں۔ اب ریموٹ کو اے سی کی طرف کرکے پاور بٹن دبائیں گے تو بہت زیادہ امکان ہے کہ ریموٹ کام کرنا شروع کر دے گا۔ اگر اس طریقے کے باوجود ریموٹ کام نہ کرے تو اس کے اگلے حصے کو ضرور دیکھیں۔ ریموٹ کے سامنے ایک چھوٹا سا انفراریڈ سینسر ہوتا ہے جو اے سی کو سگنل بھیجتا ہے۔ اس جگہ پر دھول یا مٹی جمع ہوجائے تو سگنل کمزور ہوسکتا ہے۔ نرم اور خشک کپڑے سے ریموٹ کے اگلے حصے کو آہستگی سے صاف کریں اور دوبارہ ریموٹ سے اے سی چلانے کی کوشش کریں۔ اس کے علاوہ سیلوں کی پوزیشن بھی چیک کریں۔ کئی مرتبہ نئے سیل بالکل ٹھیک ہوتے ہیں لیکن انہیں غلط سمت میں لگا دیا جاتا ہے۔ ریموٹ کے اندر موجود پلس (+) اور مائنس (–) کے نشانات کے مطابق سیل لگانا ضروری ہے۔ اگر سیل صحیح لگے ہوئے ہیں، لیکن ریموٹ پھر بھی کام نہیں کررہا تو سیل کے دھاتی پوائنٹس کو بھی دیکھیں۔ ان پر گرد یا زنگ کی ہلکی تہہ بن جانے سے بھی کنکشن متاثر ہوسکتا ہے۔ سیل نکال کر انہیں خشک اور نرم کپڑے سے صاف کیا جاسکتا ہے۔ صفائی کے دوران پانی یا کسی لیکویڈ کا استعمال نہیں کرنا چاہیے۔ ایک اور دلچسپ طریقہ موبائل فون کے کیمرے سے ریموٹ کو چیک کرنا ہے۔ فون کا کیمرہ کھولیں، ریموٹ کا اگلا حصہ کیمرے کی طرف کریں اور کوئی بٹن دبائیں۔ اگر فون کی اسکرین پر ریموٹ کے سامنے والی چھوٹی لائٹ چمکتی ہوئی نظر آئے تو اس کا مطلب ہے کہ ریموٹ انفراریڈ سگنل بھیج رہا ہے۔ تاہم یہ بات ذہن میں رکھیں کہ ہر موبائل فون کے کیمرے میں یہ سگنل نظر آنا ضروری نہیں۔ اگر کیمرے سے سگنل نظر آرہا ہو لیکن اے سی پھر بھی آن نہیں ہورہا تو ممکن ہے مسئلہ ریموٹ کے بجائے اے سی کے انفراریڈ ریسیور میں ہو۔ اے سی کی بجلی کی سپلائی یا اندرونی الیکٹرانک حصے میں خرابی بھی اس کی وجہ ہوسکتی ہے۔ ایسی صورت میں اے سی کو بند کرکے کچھ دیر بعد دوبارہ آن کرنے کی کوشش کی جاسکتی ہے۔ اگر اس کے باوجود مسئلہ برقرار رہے تو کسی ماہر ٹیکنیشن سے اے سی اور ریموٹ دونوں چیک کروانا بہتر ہے۔ ریموٹ کو نمی، بہت زیادہ گرمی اور پانی سے محفوظ رکھنا بھی ضروری ہے۔ ریموٹ کو زمین پر پھینکنے یا بار بار گرنے سے اس کے اندر موجود سرکٹ اور بٹن خراب ہوسکتے ہیں۔ اسی طرح اگر ریموٹ میں پرانے سیل کافی عرصے سے لگے ہوں تو انہیں وقتاً فوقتاً چیک کرنا چاہیے، کیونکہ خراب یا لیک ہونے والے سیل ریموٹ کے اندرونی حصوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
اے سی کا ریموٹ کام نہیں کر رہا؟ سیل بدلنے سے پہلے چند سیکنڈ کے یہ طریقے آزمائیں
RELATED ARTICLES



