کراچی میں جاپانی فلم فیسٹیول 2026 کا افتتاح کردیا گیا، فیسٹیول کا انعقاد جاپانی قونصل خانہ کراچی نے پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن سندھ اور آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے اشتراک سے کیا ہے۔ سالانہ فلم فیسٹیول کا مقصد سینما کے ذریعے جاپانی ثقافت، فن اور کہانیوں کو پاکستانی ناظرین سے متعارف کرانا ہے۔ جمعےکو جاپانی قونصل خانہ کراچی نے پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن سندھ اور آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے اشتراک سے جاپانی فلم فیسٹیول 2026 کا افتتاح کردیا۔ یہ سالانہ فیسٹیول جاپانی قونصل خانے اور جاپان فاؤنڈیشن کے تعاون سے منعقد کیا جاتا ہے، جس کا بنیادی مقصد فلم اور سینما کے ذریعے جاپانی ثقافت کو فروغ دینا اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان ثقافتی روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں جاپانی اینیمیٹڈ فلم ’چلڈرن آف دی سی‘ کی نمائش کی گئی۔ فلم کی کہانی ایک تنہا نوعمر لڑکی کے گرد گھومتی ہے، جو سمندر میں پرورش پانے والے دو پراسرار بھائیوں سے گہرا تعلق قائم کرتی ہے۔ ان دونوں بھائیوں سے ملاقات کے بعد لڑکی کا سمندر کی گہرائیوں سے ایک پوشیدہ ذہنی اور روحانی رابطہ بیدار ہوتا ہے۔ اس سال جاپانی فلم فیسٹیول میں ’چلڈرن آف دی سی‘ سمیت 6 مختلف جاپانی فلمیں پیش کی جا رہی ہیں۔ ان فلموں کے ذریعے ناظرین کو جاپان کی متنوع کہانیوں، ثقافت اور مختلف فلمی اصناف سے روشناس ہونے کا موقع ملے گا۔ جاپانی فلموں کی نمائش ستمبر کے دوران کراچی کے مختلف مقامات پر جاری رہے گی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپانی قونصل جنرل ہاتوری مسارو نے فیسٹیول میں حاضرین کی پُرجوش شرکت پر شکریہ ادا کیا اور سینما کی ثقافتی اہمیت کو اجاگر کیا۔ جاپانی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ یہ فلم فیسٹیول شرکا کے لیے بامعنی ملاقاتوں، خوبصورت یادوں اور شاید کسی نئے نقطۂ نظر کا ذریعہ بنے گا۔ تقریب کی اعزازی مہمان اور ’دی گلاس ورکر‘ کی اینیمیٹر شاہزین خان نے اپنے خطاب میں بتایا کہ ان کے تخلیقی سفر کا آغاز جاپانی اینیمی اور جاپانی قونصل خانہ کراچی کی معاونت سے منعقد ہونے والی مختلف ثقافتی سرگرمیوں سے ہوا۔ شاہزین خان نے مزید بتایا کہ ان کی تخلیقی سرگرمیوں میں پاپ کلچر گروپ ’شونن انفینٹی‘ کے ساتھ وابستگی بھی شامل رہی ہے۔ انہوں نے ’گیک ہیون‘ جیسے اقدامات کے ذریعے پاکستان کی بڑھتی ہوئی پاپ کلچر کمیونٹی کے لیے جاپانی قونصل خانے کی مسلسل معاونت کو بھی سراہا۔ شاہزین خان کے مطابق قونصل خانے کی یہ معاونت پاکستان میں فنکاروں اور کہانی کاروں کی نئی نسل کے لیے ایک اہم ذریعۂ تحریک ہے۔ جاپانی فلم فیسٹیول 2026 کے ذریعے کراچی کے شائقین کو جاپانی سینما، ثقافت اور تخلیقی اظہار کو قریب سے جاننے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔
کراچی میں جاپانی فلم فیسٹیول 2026 کا افتتاح، 6 فلموں کی نمائش ہوگی
RELATED ARTICLES



