امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سفارت خانے پر ڈرون حملے کے بعد ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس حملے کا جواب دیا جائے گا اور امریکی فوجیوں کی ہلاکت پر بھی بھرپور ردعمل دیں گے۔صدر ٹرمپ نے ریاض میں سفارت خانے پر حملے کے بعد مختلف میڈیا اداروں سے مختصر گفتگو کی ہے۔امریکی ٹی وی چینل نیوز نیشن سے مختصر گفتگو میں صدر ٹرمپ نے امریکا کی جوابی کارروائی کے بارے میں سوال پر کہا کہ ’آپ کو بہت جلد معلوم ہو جائے گا‘۔انہوں نے عندیہ دیا کہ ایران میں زمینی افواج بھیجنے کی ضرورت کا امکان کم ہے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا ’ہم انہیں زبردست نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ایران میں اہداف کے حصول سے متعلق انہوں نے کہا کہ ’میں بہت کچھ جانتا ہوں، جب ہدف حاصل ہو جائے گا تو پتہ لگ جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم بہت قریب پہنچ چکے ہیں۔ ہم انہیں پیچھے دھکیل رہے ہیں۔ امریکی تنصیبات یا امریکی سرزمین پر ممکنہ حملوں سے متعلق سوال پر صدر ٹرمپ کا کہنا تھا ’نہیں، یہ جنگ کا حصہ ہے۔ لوگ اسے پسند کریں یا نہ کریں، جنگ اسی طرح ہوتی ہے۔


