ایران کے بعد لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے بھی اسرائیل پر راکٹ اور ڈرونز برسانا شروع کر دیے ہیں۔ جس کے بعد اسرائیل کی جانب سے لبنان کے دارالحکومت بیروت پر حملے شروع کر دیے ہیں۔خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق حزب اللہ نے اسرائیل کے شہر حیفہ میں ایک اسرائیلی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا۔ تنظیم نے اس کارروائی کو آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کا ردعمل قرار دیا ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے داغے گئے ڈرونز اور راکٹوں کو ناکارہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملہ لبنان اور اس کے عوام کے دفاع اور اسرائیلی جارحیت کے جواب میں کیا گیا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قیادت واضح کرچکی ہے کہ اسرائیلی حملوں کے تسلسل، قائدین، نوجوانوں اور عوام کے قتل نے ہمیں اپنے دفاع اور جواب دینے کا حق دیا ہے۔اسرائیلی افواج نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے اور اہم رہنماؤں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے کم از کم 53 دیہات اور قصبوں کے رہائشیوں کو گھر خالی کرنے کا حکم دیا ہے۔اسرائیل اور لبنان کے درمیان 2024 میں امریکی ثالثی میں جنگ بندی طے پائی تھی۔ جس کے بعد حزب اللہ لبنان کی جانب سے اسرائیل پر یہ پہلا حملہ ہے۔


